ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ آمان اللہ نے افغان مہاجرین کو وفاقی حکومت کی جانب سے واپسی کی دی گئی ڈیڈ لائن کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انجمن تاجران باڑہ کے زیر اہتمام باڑہ بازار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق افغان شہری یکم ستمبر سے پہلے پہلے اپنی باعزت واپسی یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہے وہ کارڈ ہولڈرز ہوں یا بغیر کسی دستاویز کے غیر قانونی مقیم افراد، سب کو مقررہ وقت میں واپسی کرنی ہوگی تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
تقریب کے دوران افغان شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے کاروباری اور ذاتی معاملات نمٹانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ اس پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آمان اللہ نے کہا کہ ان کا پیغام اعلیٰ حکام تک پہنچا دیا جائے گا۔
اس موقع پر سید ایاز وزیر نے کہا کہ افغان مہاجرین کئی دہائیوں سے باڑہ میں کاروبار کر رہے ہیں اور آج تک ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، جو ان کے پرامن رہنے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ پیر کے روز کمشنر پشاور سے ملاقات کی جائے گی جس میں افغان کاروباری برادری کے نمائندے بھی شامل ہوں گے تاکہ مزید وقت مانگا جا سکے اور درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہو۔
تقریب میں تحصیل چیئرمین مفتی محمد کفیل، انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید ایاز وزیر، چیئرمین جلات خان، سینئر نائب صدر عظیم، سیکرٹری اطلاعات وقاص، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسحاق، ایگزیکٹو ممبران معراج اور بہادر، ازبکی پلاؤ کے مالک شبیر عثمانی اور قیوم ارمان محل سٹور کے مالک حاجی ارمان بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے اختتام پر رمضان المبارک میں افطاری اور دیگر مواقعوں پر خدمات کے اعتراف میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ، تحصیل چیئرمین مفتی محمد کفیل آفریدی اور سید ایاز وزیر نے شبیر عثمانی، حاجی ارمان آفریدی اور سہار گل آفریدی کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا۔