خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت جنگ میں بدترین شکست کے بعد اب آبی جارحیت پر اُتر آیا ہے۔ بھارت کو جنگ کی طرح آبی جارحیت کے بھی سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا مودی سرکار کی پرانی عادت ہے لیکن مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پنجاب کو ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا بھی سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت نے شاندار ریسکیو آپریشن کیا، جس کے دوران تقریباً 6 ہزار افراد کو سیلاب سے بچایا گیا۔
ان کے مطابق ریسکیو آپریشن کے بعد اب ریلیف اور بحالی کا عمل جاری ہے، جس کی نگرانی خود وزیراعلیٰ کر رہے ہیں۔ متاثرہ افراد کو معاوضوں کی فراہمی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ شہداء کے لواحقین کو 65 کروڑ روپے سے زائد کے چیکس جبکہ زخمیوں کو 20 کروڑ روپے کے چیکس فراہم کئے جا چکے ہیں۔