ضلع اورکزئی کی قوم اتمان خیل کے مشران نے کول مائنز کی مبینہ غیر قانونی لیز کے خلاف ہنگو میں ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے غیر قانونی لیز اور مبینہ جعلی این او سی کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کی قیادت مشران حضرت آمین، محمد خان، صورت گل، محمد آمین، وزیر رحمان اور محمد جناب کر رہے تھے۔
مشران کا کہنا تھا کہ ذخدرہ میں محمد علی نامی ٹھیکیدار نے ان سے مشاورت کیے بغیر ڈی سی سے جعلی این او سی حاصل کیا ہے، جس سے ان کی قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا جبکہ ان کے وسائل سے دیگر لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کرکے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے، حالانکہ یہ علاقہ ان کی ملکیت ہے اور لیز دینے سے پہلے انہیں اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر اورکزئی فوری طور پر جعلی این او سی منسوخ کرے اور انہیں ان کا حق دلایا جائے۔