خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں تھانہ میریان کی حدود میں واقع نورڑ ملاگان مسجد میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ریٹائرڈ صوبیدار عطاء اللہ شاہ شہید جبکہ تین نمازی زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ نمازِ عشاء کی ادائیگی کے دوران پیش آیا جب دہشت گردوں نے سابق ملٹری انٹیلیجنس صوبیدار عطاء اللہ شاہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔
اس دوران نمازیوں کی جانب سے مزاحمت پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں صوبیدار موقع پر ہی شہید ہوگئے اور تین افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں عابد، میر قد ایاز اور کفایت اللہ شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 30 سے 40 کے درمیان تھی اور وہ جدید اسلحہ سے لیس تھے۔ دہشت گرد کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دی۔