ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پکنک منانا جان لیوا ثابت ہوا،ایک ہی خاندان کے 7 افراد جان سے چلے گئے Home / جرائم,خیبر پختونخوا /

پکنک منانا جان لیوا ثابت ہوا،ایک ہی خاندان کے 7 افراد جان سے چلے گئے

- 17/08/2025 372
پکنک منانا جان لیوا ثابت ہوا،ایک ہی خاندان کے 7 افراد جان سے چلے گئے

باسط گیلانی 

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے شینو خیل میں پکنک سے واپسی پر ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود ریگی شینو خیل میں رات گئے یہ واقعہ اس وقت  پیش آیا، جب ایک ہی خاندان کے 8 افراد سیاحتی مقام  تاندہ ڈیم پر پکنک منانے کے بعد رات کو پیدل گھر جا رہے تھے کہ  راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

 

ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ منتقل کیا۔واقعے کی ابتدائی ایف آئی آر نامعلوم افراد  کے خلاف تھانہ سٹی میں درج کر لی گئی ہے۔

 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ (ڈی پی او) ڈاکٹر زاہد اللہ کی نگرانی میں رات گئے سے ملزمان کے خلاف پولیس سرچ آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔ جبکہ ڈی آئی جی عباس مجید مروت کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔


 جاں بحق ہونے والوں میں 31 سالہ عبدالصمد، 25 سالہ ساجد، 18 سالہ یوسف، 18 سالہ اشفاق، 15 سالہ مصطفیٰ،16 سالہ حمزہ اور 15 سالہ یاسر جبکہ زخمی ہونے والے میں عبدالرازق شامل ہے۔

 

تمام افراد کا تعلق کوہاٹ کے علاقے نوے کلے سے ہے جبکہ بنیادی طور پر مقتولین کا تعلق ضلع کرم کے علاقے صدا سے ہے جو کوہاٹ میں رہائش پذیر تھے۔