ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر: بازار زخہ خیل میں ترقیاتی سکیموں اور ٹائپ ڈی ہسپتال کا جائزہ، عوامی مسائل اجاگر Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

خیبر: بازار زخہ خیل میں ترقیاتی سکیموں اور ٹائپ ڈی ہسپتال کا جائزہ، عوامی مسائل اجاگر

سپر ایڈمن - 09/08/2025 175
خیبر: بازار زخہ خیل میں ترقیاتی سکیموں اور ٹائپ ڈی ہسپتال کا جائزہ، عوامی مسائل اجاگر

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال کے ہمراہ ضلع خیبر کے دورافتادہ علاقے بازار زخہ خیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زخہ خیل انٹیگریٹیڈ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں اور ٹائپ ڈی ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا۔


ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ٹیکنیکل ٹیم نے زخہ خیل انٹیگریٹیڈ پروگرام کے تحت جاری مختلف محکموں کی ترقیاتی اسکیموں کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے منظور شدہ پلان کے مطابق بروقت مکمل کئے جائیں اور مشاہدات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔


بازار زخہ خیل کے مقامی مشران کے ساتھ خصوصی نشست میں حکام نے جاری منصوبوں کی شفافیت، علاقے کی آئندہ ترقی کے لیے ضروریات، سفارشات اور عوامی گزارشات پر تفصیلی بات چیت کی۔


میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناصر علی نے ہسپتال کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ مقامی عمائدین نے ہسپتال میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سولر سسٹم نصب کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) کو متعلقہ فورم کے ذریعے اقدامات کی ہدایت دی گئی۔

   
بازار زخہ خیل کے چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے عطا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بازار زخہ خیل لنڈی کوتل کا دورافتادہ علاقہ ہے جہاں بدقسمتی سے ماضی میں نمائندوں نے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا۔ ہسپتال کا فعال ہونا خوش آئند ہے کیونکہ پہلے مریضوں کو لنڈی کوتل یا پشاور جانا پڑتا تھا، اور کئی بار ایسے واقعات بھی ہوئے کہ مریض راستے میں دم توڑ گئے۔


انہوں نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے بھی لوگوں کو لنڈی کوتل جانا پڑتا ہے، جہاں رش کی وجہ سے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، اور اکثر یہ عمل دو دن میں مکمل ہوتا ہے۔ انہوں نے نادرا سے مطالبہ کیا کہ یہاں آبادی کے تناسب سے نادرا سینٹر قائم کیا جائے۔


عطا اللہ نے علاقے میں سڑکوں کی خستہ حالی، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کو بھی بڑا مسئلہ قرار دیا اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔


دورے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) گل نواز آفریدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) ارشاد علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل شہاب الدین، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ زراعت سمیت دیگر محکموں کے ٹیکنیکل حکام بھی شریک تھے۔

   
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور پولیس سربراہ نے ٹائپ ڈی ہسپتال بازار زخہ خیل کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری اور دیگر شعبوں میں ادویات، سروسز، عملے کی حاضری، صفائی کی صورتحال اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔