جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو عام شہری جانبحق جبکہ 17 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری دونوں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا، جب پولیس کی موبائل وین معمول کے مطابق گشت پر تھی۔ ڈی ایس پی عمران اللہ کے مطابق، نامعلوم مسلح افراد نے رات کے وقت سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا، جو کہ پولیس وین کے قریب پہنچنے پر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں مجموعی طور پر 17 افراد متاثر ہوئے جن میں دو افراد جانبحق جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں۔ جانبحق ہونے والوں میں سردار حسین ولد روزی خان سکنہ وچہ دانہ برمل اور محمد عدنان ولد محمد رمضان سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
زخمیوں میں عام شہریوں کے ساتھ دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جن میں زبیر ولد سلام خان سکنہ کاریز کوٹ اور فریدون ولد محمد زبیر سکنہ ڈبکوٹ شامل ہیں۔ دیگر زخمیوں میں رحمان ولد لعل گل، عمر ولد ممید خان، گلاپ ولد غفور، محمد رحمان ولد کرنل خان، نیک محمد ولد قسمت خان، زبیر ولد فضل کریم، حفیظ اللہ ولد زرداد جان، وزیرزادہ ولد قسمت خان، مستو خان ولد صدر خان، سید رحمان ولد تاج محمد، نعمان ولد الطاف، قاسم ولد منگل خان اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنوں میں تھانہ وزیر کی حدود میں واقع خونی خیل پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ریاض زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔