جنوبی وزیرستان میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر، اے ڈی سی ایف اینڈ پی اور دیگر سرکاری اہلکاروں کا قافلہ ٹانک سے لدھا جاتے ہوئے حبیب کوٹ اڈانہ کے قریب نامعلوم سمت سے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی زد میں آگیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے اے ڈی سی ایف اینڈ پی کی ڈبل کیبن گاڑی کو گولیاں لگیں، جس کے نتیجے میں محرر اعجاز محسود اور پولیس کانسٹیبل گل نواز معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لدھا منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قافلے کے دیگر ارکان محفوظ رہے اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔