ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاک فوج نے جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرز اپنے بیڑے میں شامل کر لیے Home / عوام کی آواز,قومی /

پاک فوج نے جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرز اپنے بیڑے میں شامل کر لیے

سپر ایڈمن - 02/08/2025 266
پاک فوج نے جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرز اپنے بیڑے میں شامل کر لیے

 

پاک فوج نے اپنے مربوط جنگی ردعمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چین کے تیار کردہ جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرز اپنے فضائی بیڑے میں شامل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کی۔ تقریب کے بعد مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینجز میں ان ہیلی کاپٹرز کی فائر پاور کی عملی نمائش بھی کی گئی۔

 

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق Z-10ME ہیلی کاپٹرز کی شمولیت آرمی ایوی ایشن کی جدیدیت کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف پاک فوج کے مربوط جنگی ردعمل کو مضبوط بناتی ہے بلکہ ممکنہ دشمن کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی صلاحیت کو بھی بڑھاتی ہے۔ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے ہیلی کاپٹرز شامل کئے گئے ہیں۔

 

Z-10ME چین کے ادارے ’ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا‘ کا تیار کردہ ایک جدید اٹیک ہیلی کاپٹر ہے، جسے فروری 2024 میں سنگاپور ایئر شو میں بین الاقوامی سطح پر پہلی بار پیش کیا گیا تھا۔ اس وقت تک پاکستان اس ماڈل کا واحد معروف برآمدی خریدار تھا، تاہم شو میں کسی فروخت کا اعلان نہیں کیا گیا۔

 

یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم میں، دن ہو یا رات، دشمن پر درستگی سے حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جدید ریڈار سسٹمز اور ایڈوانسڈ الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز سے لیس Z-10ME نہ صرف فضائی بلکہ زمینی خطرات کا بھی مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

یاد رہے کہ 2021 میں چین نے تین Z-10 ہیلی کاپٹرز پاکستان کو آزمائشی بنیادوں پر فراہم کئے تھے، تاہم وہ پاکستانی حکام کو متاثر کرنے میں ناکام رہے اور واپس بھیج دیے گئے تھے۔ اس کے باوجود دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا تھا کہ پاکستان کی جانب سے Z-10ME ماڈل پر غور جاری تھا، جو اب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔