غلام اکبر مروت
لکی مروت کے علاقے سوربند لنگرخیل میں مارٹر گولہ پھٹنے کے المناک واقعے میں پانچ معصوم بچے جاں بحق جبکہ 13 دیگر زخمی ہو گئے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کفایت اللہ کے مطابق جاں بحق بچوں کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں ریفر کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ وزیر، ڈی پی او نذیر خان، مروت قومی جرگہ کے امیر انجینئر امیر نواز خان، سابق ضلع ناظم اشفاق احمد خان، مولانا قریشی احمد شاہ، آصف سلیم ایڈوکیٹ، رنڑا امن جرگہ کے نصیر خان اور سیکیورٹی فورسز کے حکام فوری طور پر ہسپتال پہنچے۔ انہوں نے زخمی بچوں کو ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور تمام میڈیکل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک واقعہ کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ابھی تک یہ واضح نہیں کہ بچوں کو گولہ کہاں سے ملا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لکی مروت کے گاؤں شیخ خلہ میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے عزیزاللہ نامی شخص جاں بحق جبکہ خانزادہ بی بی اور رضیہ بی بی زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ دوماہ دوران پیش آنے والا یہ چھٹا واقع ہے۔