پاکستان کی وزارتِ تجارت نے افغانستان کے ساتھ ٹرانزٹ ایگریمنٹ، پر عملدرآمد سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے منسوخ شدہ افغان ٹرانزٹ دستاویزات کی مدت 31 اگست 2025 تک بڑھا دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ پاکستانی سفارتخانے کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ یکم اگست 2025 سے افغان ڈرائیور اور کلینرز صرف درست ویزے کے ساتھ ہی پاکستان میں داخل ہو سکیں گے۔
اس سلسلے میں یکم اگست سے (آن لائن ڈرائیور رجسٹریشن) سسٹم بھی نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ سرحدی نقل و حرکت کو باقاعدہ اور منظم بنایا جا سکے۔
وزارت تجارت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر ٹریفک کا بہاؤ ہموار رہے اور تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔