ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
"بھارت نے میرا بیان توڑ مروڑ کر فیٹف میں پیش کیا، انڈیا کو بے نقاب کروں گا"، علی امین گنڈاپور Home / خیبر پختونخوا,سیاست /

"بھارت نے میرا بیان توڑ مروڑ کر فیٹف میں پیش کیا، انڈیا کو بے نقاب کروں گا"، علی امین گنڈاپور

سپر ایڈمن - 01/08/2025 337

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کی جانب سے فیٹف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) میں ان کے بیان کو پاکستان کے خلاف بطور ثبوت پیش کئے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

 

اپنے وضاحتی بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا ذمہ دار ہے اور ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ماضی میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر رہ چکے ہیں اور اب فیٹف کو باضابطہ خط لکھ کر حقائق سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود فیٹف میں جا کر بھارت کے کشمیر اور گلگت بلتستان میں کردار پر روشنی ڈالیں گے۔

 

وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں امریکہ کے ساتھ جنگ کے دوران بھارت نے 100 سے زائد سفارتخانے قائم کیے، جن میں نہ کوئی سفارتی سرگرمی تھی اور نہ ہی تجارتی یا سرمایہ کاری کا عمل۔ ان کے بقول یہ تمام سفارتخانے درحقیقت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔

 

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بھارت کا بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس سے گہرا تعلق رہا ہے اور وہ ان شواہد کو عالمی سطح پر سامنے لائیں گے۔

 

یاد رہے کہ جمعرات کے روز بھارتی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ایک متنازعہ بیان، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "ہم طالبان کو گرفتار کرتے ہیں لیکن ادارے انہیں چھوڑ دیتے ہیں"، کو فیٹف میں بطور ثبوت پیش کیا۔ بھارت نے فیٹف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بیان کو بنیاد بنا کر پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کیا جائے۔

 

واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالا گیا تھا، جہاں وہ 2018 سے شامل تھا۔