ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاراچنار : امن معاہدوں کے بعد سڑکیں جزوی طور پر بحال، آمدورفت کا سلسلہ شروع Home / قبائلی اضلاع /

پاراچنار : امن معاہدوں کے بعد سڑکیں جزوی طور پر بحال، آمدورفت کا سلسلہ شروع

سپر ایڈمن - 01/08/2025 362
پاراچنار : امن معاہدوں کے بعد سڑکیں جزوی طور پر بحال، آمدورفت کا سلسلہ شروع

علی افضل

 

پاراچنار ، ضلع کرم میں امن معاہدوں کے بعد پشاور روڈ پر صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک جزوی طور پر آمدورفت کا سلسلہ بحال کر دیا گیا ہے، جس سے عوامی مشکلات میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

 

ضلع کرم میں گزشتہ 9 ماہ سے جاری بدامنی کے باعث مختلف راستے بند اور آمدورفت معطل تھی، تاہم قبائل کے مابین امن معاہدوں کے بعد حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں۔ فی الحال پاراچنار کی جانب آمدورفت متبادل راستے سے ہو رہی ہے۔

 

سماجی رہنما مسرت بنگش نے مطالبہ کیا ہے کہ پاراچنار کے لیے مین روڈ کو محفوظ بناکر فوری طور پر آمدورفت کے لیے کھولا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر نواز کے مطابق مین روڈ صبح 9 سے 3 بجے تک کھلا  رہے گا، تاہم بداعتمادی کی فضا کے باعث لوگ اس پر سفر کرنے سے گریزاں ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حالات بہتر ہونے پر آمدورفت کے وقت میں توسیع کی جائے گی۔

 

تاجر رہنما حاجی امداد نے راستوں کی بندش کو تاجروں کے لیے سنگین مسئلہ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ اشیائے خوردونوش و دیگر سامان مہنگے داموں منتقل کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔

 

قبائلی رہنما حاجی سلیم خان اور آغا تجمل حسین نے کہا کہ امن سب کے مفاد میں ہے، اور ہر فرد کو قیام امن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اور سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ دونوں فریقین عمائدین کا ساتھ دیں تاکہ پائیدار امن کا قیام ممکن ہو سکے۔

 

مجلس وحدت المسلمین کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے بدامنی کے نقصانات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ عوام سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے گریز کریں اور امن کے قیام کے لیے متحد ہوں۔

 

واضح رہے کہ اکتوبر 2024 سے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے متعدد واقعات کے بعد آمدورفت بند تھی، جس کے نتیجے میں نہ صرف اوورسیز شہریوں کے ویزے ضائع ہوئے بلکہ طلبہ بھی تعلیمی اداروں میں حاضری سے محروم رہے۔ اب جزوی بحالی سے شہریوں کو ریلیف ملا ہے ۔