ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بلوچستان:غیرت کے نام پر حاملہ خاتون اور شوہر کا قتل Home / جرائم /

بلوچستان:غیرت کے نام پر حاملہ خاتون اور شوہر کا قتل

سپر ایڈمن - 30/07/2025 151
بلوچستان:غیرت کے نام پر حاملہ خاتون اور شوہر کا قتل

 بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک اور  واقعہ پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ جوڑے کو کئی سال بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ لیویز حکام کے مطابق، پنجگور سے تعلق رکھنے والے محمد شعیب نے سات سال قبل اپنی پسند سے ایک خاتون سے کورٹ میرج کی تھی۔

 

حال ہی میں شعیب اور اس کے سسرالی رشتہ داروں کے درمیان صلح ہو گئی تھی۔ صلح کے بعد خاتون کے بھائیوں نے ایک خاندانی ملاقات کے بہانے دونوں کو کوئٹہ بلایا۔ شعیب اپنی بیوی اور بھائی کے ہمراہ پنجگور سے کوئٹہ پہنچا اور لکپاس کے قریب ایک ہوٹل میں قیام کیا۔

 

اگلے روز خاتون کے بھائیوں نے فون پر رابطہ کر کے ہوٹل میں آکر دونوں میاں بیوی کو گولیاں مار دیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔ لیویز کے مطابق مقتولین کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں، ان کے دو بچے ہیں جن کی عمریں 3 اور 6 سال ہیں، اور خاتون حمل سے بھی تھی۔ خاتون کے پانچ بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

 

یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے دگاری میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک خاتون اور مرد کو قتل کرتے دکھایا گیا۔ اس واقعے کو 11 دن گزر چکے ہیں لیکن پولیس تاحال مرکزی ملزم جلال کو گرفتار نہیں کر سکی، جو مقتولہ کا بھائی ہے۔

 

پولیس کے مطابق قبائلی عمائدین شرباز اور بشیر احمد 10 روزہ ریمانڈ پر ہیں جبکہ مقتولہ کی والدہ جیل میں قید ہے۔ مقتولین، بانو بی بی اور احسان اللہ کو تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل سنجدی-دگاری کے علاقے میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

 

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوٹس لیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مقتول مرد و عورت کے درمیان کوئی نکاح نہیں ہوا تھا، اور حکومت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے گی۔

 

یہ واقعات اس بڑھتے ہوئے رجحان کا حصہ ہیں جہاں ملک کے مختلف حصوں میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں راولپنڈی میں 17 سالہ صدف کو بھی غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا تھا۔