ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ڈی آئی خان : تاجر و منشی قتل، ڈکیتی کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج Home / قبائلی اضلاع /

ڈی آئی خان : تاجر و منشی قتل، ڈکیتی کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج

رضوان اللہ - 29/07/2025 237
ڈی آئی خان :  تاجر و منشی قتل، ڈکیتی کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج

رضوان اللہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں گھی ایجنسی پر پیش آنے والی  ڈکیتی کی واردات میں ایجنسی ڈیلر اور منشی جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے لغاری گیٹ بنگش پلازہ کے سامنے شدید احتجاج کیا۔

 

واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے لغاری گیٹ کے سامنے واقع  گھی ایجنسی پر ڈکیتی کی کوشش کی۔ مزاحمت پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایجنسی ڈیلر رانا محمد اسلم اور منشی ملک محمد جاوید جاں بحق، جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

 

رانا محمد اسلم کینٹ مصالحتی کمیٹی کے رکن اور امن کمیٹی کے فعال ممبر بھی تھے۔ دکانداروں کے مطابق اس سے قبل بھی اُن کی دکان پر ڈکیتی کی ایک ناکام کوشش ہوچکی تھی۔

 

احتجاج میں شریک تاجر رہنما سہیل اعظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور اپنے شہر پر رحم کریں، تاجروں اور عوام کو تحفظ فراہم کریں۔ ڈیرہ سی پیک کا مرکزی حصہ ہے لیکن پولیس کی نااہلی سے ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے"۔

 

سابق امیر جماعت اسلامی، زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ "رانا اسلم نہ صرف تاجر بلکہ شہر کے امن کے علمبردار تھے، جنہیں بے دردی سے قتل کیا گیا۔ اب ہمیں حکومت سے امید رکھنے کے بجائے خود میدان میں نکلنا ہوگا"۔

 

احتجاج کے دوران مظاہرین نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کے خلاف نعرہ بازی بھی کی اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

 

اس واقعے پر پولیس موقف کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔