پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج میں سے 10 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ پیکج کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جہاں 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ان میں 7 خصوصی منصوبوں کے لیے 19 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ مخصوص اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
امن و امان کے شعبے میں 62 منصوبوں کے لیے 39 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کے تحت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن اور 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح مخصوص اضلاع میں 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیمیں شمسی توانائی پر منتقل کی جائیں گی، جبکہ 100 طلبہ کو چین میں زرعی شعبے سے متعلق اسکالرشپس دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صوبے کے 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جہاں 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ان میں 83 منصوبے 100 روزہ جبکہ 125 منصوبے طویل المدتی ہوں گے۔ ان اضلاع کے لیے 11 خصوصی منصوبوں پر 17 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
25 اضلاع میں صحت اور تعلیم کے 61 منصوبوں کے لیے 12 ارب 64 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پشاور میں ناصر باغ روڈ کی توسیع اور خوبصورتی، رنگ روڈ پر مسنگ لنکس اور انڈر پاسز کی تعمیر بھی پیکج میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ 3 ریجنل اور 16 ضلعی انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ہیڈکوارٹرز قائم کیے جائیں گے، جبکہ 9 پولیس لائنز اور پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن پر 5 ارب 28 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
