بنوں میں شدید آندھی، طوفان اور بارش کے باعث مختلف علاقوں میں دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہو گئے۔
ترجمان ایم ٹی آئی بنوں محمد نعمان کے مطابق تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: لکی مروت: خیروخیل پکہ میں مسجد کے قریب خودکش حملہ
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں میں 14 زخمی اور ایک جاں بحق شخص لایا گیا، جبکہ خلیفہ گلنواز ہسپتال میں 3 زخمی اور 2 جاں بحق افراد منتقل کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق زخمی بلقیاز نامی شخص کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ شہریوں کو خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
