طورخم بارڈر پر فرنٹیئر کور نارتھ نے 2025 میں ضبط کئے گئے غیر قانونی اور غیر ملکی سمگل شدہ سامان کو آج لنڈی کوتل ایف سی چھاؤنی میں نذرِ آتش کر دیا۔ ترجمان کے مطابق جلائے جانے والا سامان تقریباً 43 ٹن وزنی اور 358 ملین روپے مالیت کا تھا، جس میں ادویات، موبائل فونز، غیر ملکی کرنسی، سافٹ ڈرنکس، سگریٹس اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔
تقریب کے دوران کمانڈنٹ خیبر کرنل سعید احمد نے خود سامان کو آگ لگا کر تلف کرنے کا عمل مکمل کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام کے ساتھ کسٹمز کے افسران بھی موجود تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سامان طورخم بارڈر کے دونوں اطراف سے سمگلنگ کی مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کیا گیا تھا۔
تاہم سینئر صحافی سدھیر احمد آفریدی نے سامان کو کھلے میدان میں نذرِ آتش کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات ماحول اور انسانی صحت دونوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کے بقول بڑے پیمانے پر جلنے والا دھواں فضا کو آلودہ کرتا ہے اور زہریلے ذرات ہوا میں شامل ہو کر سانس سمیت مختلف امراض کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔
سدھیر احمد آفریدی نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ضبط شدہ اشیاء کو تلف کرنے کے لیے جدید اور ماحول دوست طریقے اختیار کئے جائیں تاکہ عوام کی صحت اور فضا کو نقصان نہ پہنچے۔
