ضلع باجوڑ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاص رفیق نے  پولیس میں موجود 110 گھوسٹ ملازمین کو باقاعدہ طور پر ڈیوٹیوں پر حاضر کر دیا گیا ہے۔

 

 یہ اہلکار طویل عرصے سے گھروں پر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہے تھے جبکہ عملی طور پر ڈیوٹیاں انجام نہیں دے رہے تھے۔

 

ذرائع کے مطابق باجوڑ پولیس میں گھوسٹ ملازمین کا مسئلہ کافی عرصے سے درپیش تھا، جس کے باعث ڈیوٹی کرنے والے جونئیر پولیس اہلکاروں کی حوصلہ شکنی ہو رہی تھی اور سکیورٹی امور بھی متاثر ہو رہے تھے۔

 

عوامی شکایات اور جونئیر پولیس اہلکاروں کے مسلسل مطالبات پر ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او وقاص رفیق نے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا، جس کے تحت متعدد اہلکاروں کی تنخواہیں بھی بند کی گئیں۔ 

 

اقدامات کے نتیجے میں 110 ایسے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر حاضر کیا گیا جو بغیر حاضری کے تنخواہیں لے رہے تھے۔

 

باجوڑ پولیس کے جونئیر اہلکاروں اور عوامی حلقوں نے ڈی پی او کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

 

 جونئیر اہلکاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ ڈی پی او نے برسوں سے جاری غیر منصفانہ نظام کا خاتمہ کیا، جہاں بااثر افراد اہلکاروں کی تنخواہیں ہضم کر رہے تھے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اصلاحاتی اقدامات سے نہ صرف پولیس نظام میں شفافیت آئی ہے بلکہ چیک پوسٹوں پر پولیس کی کمی بھی پوری ہوگی، جس سے سیکیورٹی    صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔