خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے 9 اور10 مئی کو سیاسی بنیادوں پر درج کیے گئے ثبوت سے محروم مقدمات ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں متعدد اہم معاملات پر پیش رفت کی گئی۔
اجلاس میں سی ٹی ڈی کیلئے 150 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی گئی، جبکہ ریڈیو پاکستان پشاور واقعے کی انکوائری صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ بھی شامل تھا۔
کابینہ نے ایکشن ان ایڈ آف سول پاورز قانون کے خاتمے سے متعلق کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں صوبے میں گندم کے ذخائر، بین الصوبائی نقل و حمل اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اضافی گندم کی خریداری کیلئے قائم کمیٹی کو ضرورت پڑنے پر اختیارات تفویض کر دیے گئے۔
کابینہ نے کڈنی اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے دو مریضوں کیلئے مالی امداد اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ضلعی ترقیاتی فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی۔
