وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت تجارت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کے فریم ورک میں کچھ ترامیم بھی کی گئی ہیں۔ وزارت تجارت نے تصدیق کی کہ فریم ورک شفافیت اور خودکار نظام میں بہتری کے ساتھ جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ اس سال مئی میں سونے کی ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد 6 مئی 2025 کو سونے کی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 روز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پابندی سونے کی سمگلنگ کی شکایات کے پیشِ نظر عائد کی گئی تھی۔
دوسری جانب، سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 2,300 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 862 روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونے کے نرخ میں 1,972 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئے نرخ 3 لاکھ 67 ہزار 680 روپے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 23 ڈالر اضافہ ہوا ہے اور یہ 4,065 ڈالر ہو گئی ہے۔