ایبٹ آباد، برن گلی کھڑی کے مقام پر ایک کیری ڈبہ بریک فیل ہونے کے باعث ہزاروں فٹ گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں دو بچیوں سمیت چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی برن گلی سے ایبٹ آباد کی طرف آ رہی تھی کہ اچانک بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ گاڑی میں موجود تمام چھ افراد حادثے میں موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کھائی کی گہرائی کے باعث مشکل صورتحال کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے لاشوں کو نکلانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔