ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
مخالفین کے تمام حربے ناکام، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بن چکے ہیں ، مینا خان آفریدی Home / خیبر پختونخوا,سیاست /

مخالفین کے تمام حربے ناکام، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بن چکے ہیں ، مینا خان آفریدی

سپر ایڈمن - 02/11/2025 130
مخالفین کے تمام حربے ناکام، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بن چکے ہیں ، مینا خان آفریدی

صوبائی وزیر بلدیاتی امور مینا خان آفریدی اور معاونِ خصوصی شفیق جان نے پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے جارہے ہیں، تاہم یہ تمام حربے ناکام ہوگئے ہیں۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ کل اختیار ولی کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، حالانکہ 9 مئی کو سہیل آفریدی پشاور میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف ایک منظم بیانیہ بنایا جارہا ہے مگر عوام حقیقت جان چکی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں ریڈیو پاکستان واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دی جائے گی۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی تحریک انصاف کے لیے ایک "ٹریپ" تھا، تاہم حقائق جلد عوام کے سامنے آجائیں گے۔ بانیِ پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے۔

معاون خصوصی شفیق جان نے کہا کہ اختیار ولی نے ایک جعلی ویڈیو ٹی وی پر چلائی جو 16 مارچ 2023 کی ہے۔ ان کے مطابق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ “ہماری نشستیں چھینی گئیں، اور اب جب سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بن چکے ہیں تو کچھ عناصر یہ حقیقت ہضم نہیں کر پارہے۔”

 

شفیق جان نے مزید انکشاف کیا کہ سہیل آفریدی کی بانیِ پی ٹی آئی سے ملاقات جان بوجھ کر رکوائی جارہی ہے تاکہ سیاسی استحکام متاثر ہو۔

مینا خان آفریدی نے واضح کیا کہ سہیل آفریدی مضبوط قیادت کے ساتھ صوبے کی تعمیر و ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے اور تمام الزامات بے بنیاد اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں۔

تازہ ترین