خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی انتظامیہ نے اپنی وژنری قیادت، عملی اصلاحات اور بہتر حکمت عملی سے دوبارہ بحالی کی جانب گامزن ہے کبھی مالی بحران، احتجاج اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا علاقہ اب روشنی، صفائی اور عوامی خدمت کی نئی علامت بن رہی ہے۔ اس تبدیلی کے پیچھے ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان کی متحرک قیادت اور انتھک انتظامی ٹیم کا کلیدی کردار ہے۔
ایک وقت تھا جب تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بلدیاتی ملازمین سڑکوں پر احتجاج کرتے تھے، اور سرکاری دفاتر بدانتظامی اور نااہلی کی علامت بن چکے تھے۔ مگر آج یہی دفاتر بہتر گورننس اور عوامی خدمت کی زندہ مثال ہیں۔ انہی اداروں میں ایک وقت میں مالی بحران سے دوچار تحصیل نورنگ کی ٹی ایم اے بھی شامل تھی، جو اب نئی صوبائی لیز پالیسی کے نفاذ کے بعد تیزی سے بحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔
پہلے ٹی ایم اے نورنگ کے زیر انتظام 451 دکانیں اور عمارتیں مختلف مقامات پر لیز پر دی گئی تھیں جن سے سالانہ صرف 85 لاکھ روپے کی آمدن ہوتی تھی، جو معمول کے اخراجات کے لیے بھی ناکافی تھی۔ تاہم اب نئی لیز پالیسی کے تحت ٹی ایم اے کی آمدن میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے اور یہ رقم بڑھ کر 11 کروڑ روپے سالانہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
مالی وسائل کی شدید کمی کے باعث ماضی میں ٹی ایم اے کو صوبائی گرانٹس پر انحصار کرنا پڑتا تھا اور ملازمین مہینوں تک تنخواہوں سے محروم رہتے تھے۔ مگر اب ضلعی انتظامیہ نے مؤثر مالی پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف اس انحصار کو ختم کیا ہے بلکہ ادارے کو مکمل طور پر خود مختار بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان نے کہا ہے کہ جو ادارے پہلے صوبائی گرانٹس پر انحصار کرتے تھے، اب خود انحصاری اور مالی خودمختاری کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بہتر منصوبہ بندی، شفاف لیز پالیسی اور مقامی وسائل کے درست استعمال سے ٹی ایم ایز کو دوبارہ مستحکم بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بطور چیئرمین لیز کمیٹی نئے نرخ مقرر کرنے اور نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کیے، جن کے نتائج اب سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ نئی پالیسی کے نفاذ سے نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ صاف ستھری گلیاں، روشن سڑکیں اور بہتر صفائی اس تبدیلی کا ثبوت ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں “کلین اینڈ گرین مہم” کے تحت صوبائی حکومت کے تعاون سے صفائی کا جدید نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پورے ضلع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انتھک محنت اور وژنری قیادت نے لکی مروت کو ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے ایک ایسا دور جہاں چیلنجز مواقع میں بدل رہے ہیں اور عوامی ادارے خودمختار ہو کر حقیقی تبدیلی کی علامت بن چکے ہیں۔