پشاور میں قائم خواجہ سرا قیادت میں کام کرنے والی تنظیم منزل فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں،سوات اور بونیر میں سیلاب سے متاثرہ خواجہ سرا، خواتین اور بچیوں کے لیے 60 ہائی جین کٹس تقسیم کرے گی۔ ہر کٹ میں روزمرہ استعمال کی 9 بنیادی اشیاء شامل ہیں تاکہ متاثرہ عوام کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
منزل فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور خیبر پختونخوا خواجہ سرا کمیونٹی کی صدر، ارزو خان نے کہا کہ:"ہماری خواجہ سرا کمیونٹی بھی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے اور ہماری کمیونیٹی کو ہمیشہ معاشرے میں نظر انداز کیا گیا ہے۔ ہماری اس اقدام کا مقصد متاثرہ خواجہ سراؤں کے علاوہ خواتین اور بچیوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کریں تاکہ انہیں مشکل وقت میں سہارا دیا جا سکے۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 406 افراد جاں بحق اور 247 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 337 ہو چکی ہے، جبکہ صوابی میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہے۔ دیگر حادثات سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور دیگر اضلاع میں پیش آئے۔