خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ شب ہونے والی طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے شہر شدید متاثر ہوا ہے ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 8 افراد جاں بحق اور 52 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے ہنگامی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے شہر کے متاثرہ علاقوں کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ نکاسی آب اور بجلی کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹراما سنٹر کے انچارج عمیر کے مطابق 45 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جن میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ دیگر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو مفتی محمود ہسپتال اور دیگر مراکز صحت منتقل کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سید ارسلان کہتے ہیں کہ مالی نقصانات کا جائزے لینے کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں اور سروے جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈہ پور نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین علاج اور نقصانات کا فوری تخمینہ لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔