لکی مروت کے نئے تعینات ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان نے عہدہ سنبھالتے ہی دفتری معمولات کے بجائے فیلڈ کا رخ کر کے عوام کو حیران کر دیا۔
ذرائع کے مطابق منگل کی صبح ڈپٹی کمشنر بغیر پروٹوکول ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے او پی ڈی، وارڈز اور ریڈیالوجی یونٹ کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات پر براہ راست بات کی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، ڈپٹی کمشنر نے صفائی کی ناقص صورتحال اور عملے کی غیر حاضری پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسپتال میں زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا اور رپورٹ طلب کی۔
بعد ازاں، وہ شہر کے مرکزی بازار پہنچے جہاں انہوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی فہرست خود چیک کی اور دکانداروں و ریڑھی بانوں سے براہ راست گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دکاندار رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کریں، بصورت دیگر اگلے مرحلے میں کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا، “ایئر کنڈیشنڈ کمرے میں بیٹھ کر مسائل نہیں سمجھے جا سکتے۔ ہر افسر کو اپنی ڈیوٹی کو ذمہ داری سمجھنا ہوگا اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔”
بازار میں ان کی موجودگی پر تاجروں نے خوشی کا اظہار کیا۔ ایک دکاندار نے کہا، “انہوں نے اپنا تعارف ایسے کرایا جیسے کوئی افسر نہیں بلکہ پڑوسی ہوں۔”
ایک اور دکاندار نے کہا، “ہم نے کبھی کسی ڈپٹی کمشنر کو یوں براہ راست بات کرتے نہیں دیکھا، اس سے اچھی امید پیدا ہوئی ہے۔”