سیلاب متاثرین کو نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم یعنی آن لائن ایپ کا باضابط طور پر اجرا کر دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے " ڈیجیٹل کمپنسیشن مینجمنٹ " کے نام سے ایک ایپ تیار کی ہے، جسے خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار کیا ہے۔ یہ مکمل طور پر پیپر لیس اور کیش لیس سسٹم ہے، جس کے ذریعے سیلاب متاثرین کو نقصانات کا معاوضہ آن لائن ادا کیا جائے گا۔
اس ڈیجیٹل کمپنسیشن مینجمنٹ ایپ کو صوبائی حکومت کے مرکزی سروس ڈیلوری ایپ "دستک" کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو ان کے تباہ شدہ املاک کا معاوضہ آن لائن دیا جا سکے۔ اس آن لائن سسٹم کے ذریعے متاثرین اپنے املاک کے نقصانات کی تفصیلات خود بھی اپ لوڈ کر کے معاوضے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ ایپ مکمل طور پر شفاف اور خودکار میکنزم پر مشتمل ہے، جس سے متاثرین کو بروقت اور شفاف طریقے سے معاوضے کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی۔
جیو ٹیگنگ کی سہولت کی وجہ سے غلط معلومات فراہم نہیں کی جاسکیں گی، اور اس ایپ کے ذریعے نقصانات اور معاوضوں کی تصدیق بھی خودکار طریقے سے کی جائے گی۔
اس آن لائن سسٹم کے ذریعے نقصانات اور معاوضوں کی ادائیگی کی مکمل تفصیلات وزیر اعلی، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی براہ راست ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا اجرا اہم اقدام ہے، مختصر وقت میں یہ ایپ تیار کرنے پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف متاثرین کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہوگی بلکہ اس پورے عمل میں شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
مزید برآں وزیر اعلی نے کہا کہ متاثرین کو ریلیف دینا اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔