ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بونیر : سیلاب کے باعث 42 افراد جاں بحق، مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ Home / خیبر پختونخوا /

بونیر : سیلاب کے باعث 42 افراد جاں بحق، مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

بونیر اور دیگر اضلاع میں تباہ کن بارشیں اور فلیش فلڈز، ہلاکتوں کی تعداد 65 سے تجاوز

سپر ایڈمن - 15/08/2025 368
بونیر :  سیلاب کے باعث 42 افراد جاں بحق،  مختلف علاقوں میں  ایمرجنسی نافذ

خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 42 تک پہنچ گئی ہے، ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم کے مطابق پیر بابا پاچا اسپتال میں 35 جبکہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں 7 افراد کی لاشیں موصول ہو چکی ہیں۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور سب ڈویژن دگر، گدیزئی، گگرا، مندنڑ اور چغرزئی میں سیلاب ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

 

ضلعی انتظامیہ بونیر نے ریسکیو، ریلیف اور امدادی سرگرمیاں فوری شروع کرنے، نقصانات کا تخمینہ لگانے اور تمام افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

 

یاد رہے کہ باجوڑ کے تحصیل سلارزئی میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے 21 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 18 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ 3 کی تلاش جاری ہے۔ واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے 2 افراد جاں بحق، 3 کو زندہ بچا لیا گیا اور ایک زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

تاہم، محکمہ آبپاشی نے دریائے سوات اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دریائے سوات میں خوازہ خیلہ پر 60 ہزار کیوسک جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں دیر لوئر کے مقام پر 46 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چارسدہ کے متعدد علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر لوگوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین