ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر پختونخوا: بارشوں اور فلش فلڈ سے 43 افراد جاں بحق، 14 زخمی، پی ڈی ایم اے Home / خیبر پختونخوا /

خیبر پختونخوا: بارشوں اور فلش فلڈ سے 43 افراد جاں بحق، 14 زخمی، پی ڈی ایم اے

سپر ایڈمن - 15/08/2025 459
خیبر پختونخوا: بارشوں اور فلش فلڈ سے 43 افراد جاں بحق، 14 زخمی، پی ڈی ایم اے

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 43 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 33 مرد، 2 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 11 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے صوبے میں 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 25 جزوی اور 5 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے، جن میں باجوڑ اور بٹگرام سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع ہیں۔ دونوں اضلاع میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی موسمی خطرات کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر رکھی تھی۔

 

اتھارٹی نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے، بند شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین