ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
باجوڑ : بادل پھٹنے سے 11 افراد جاں بحق، 15 افراد لاپتہ Home / خیبر پختونخوا /

باجوڑ : بادل پھٹنے سے 11 افراد جاں بحق، 15 افراد لاپتہ

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصان، ریسکیو آپریشن جاری

سپر ایڈمن - 15/08/2025 224
باجوڑ : بادل پھٹنے  سے  11  افراد جاں بحق،  15 افراد  لاپتہ

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

 

 باجوڑ کے تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں سیلابی ریلے اور ملبے تلے دبنے سے 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق 2 شدید زخمیوں کو خار ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ تقریباً 17 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

 

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان، ڈپٹی کمشنر شاہد علی اور اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی کی نگرانی میں رات ایک بجے سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں مقامی افراد کے تعاون سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

 

دوسری جانب مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں سیلابی ریلے میں ایک گاڑی بہہ گئی۔ گاڑی میں موجود 6 میں سے 3 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، 2 جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

تاہم، محکمہ آبپاشی نے  دریائے پنجکوڑہ اور دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث الرٹ جاری کردیا ہے۔ دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں دیر لوئر کے مقام پر 46 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چارسدہ کے متعدد علاقوں میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین