ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر پختونخوا میں مقیم افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز کو واپسی کی ہدایت،محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے پی Home / خیبر پختونخوا /

خیبر پختونخوا میں مقیم افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز کو واپسی کی ہدایت،محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے پی

سپر ایڈمن - 02/08/2025 1414
خیبر پختونخوا میں مقیم افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز کو واپسی کی ہدایت،محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے پی

محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں مقیم پی او آر (پروف آف رجسٹریشن) کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو فوری طور پر وطن واپس جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ان افغان شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پشاور یا لنڈی کوتل میں قائم ٹرانزٹ پوائنٹس پر پہنچیں تاکہ ان کی واپسی کے انتظامات کیے جا سکیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز کی رجسٹریشن کی مدت 30 جون 2025 کو ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد ان کی پاکستان میں رہائش کو غیر قانونی تصور کیا جا رہا ہے۔

 

اعلامیے کے مطابق 31 جولائی 2025 کو وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز کو وطن واپس بھیجا جائے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ جن افغان شہریوں کے پاس نہ پاسپورٹ ہے اور نہ ہی ویزہ، ان کا قیام پاکستان کے قوانین کے مطابق قابل قبول نہیں رہا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ 30 جون کے بعد ایسے تمام افغان شہری، جن کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہیں، انہیں غیر قانونی تارکین وطن تصور کیا جائے گا، اور ان کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

محکمہ داخلہ نے افغان مہاجرین سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور بروقت اپنے وطن واپس لوٹنے کے لیے تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین