چند روز قبل ایک جوتوں کی دکان پر ایک ایسا مکالمہ سننے کو ملا جس نے محض چند لمحوں میں ایک بڑے سوال کو جنم دے دیا۔ ایک خاتون نے خریداری کے بعد شاپر لیتے ہوئے دریافت کیا:“کیا اس شاپر کی قیمت بھی مجھ سے وصول کی جا رہی ہے؟” سیلز مین نے مختصر مگر واضح جواب دیا:“جی ہاں، بالکل۔”

 

یہ بھی پڑھیے: بغیر اجازت شادی مہنگی پڑ سکتی ہے، سرکاری ملازمین خبردار!

 

یہ سن کر وہ خاتون قدرے حیرت کے ساتھ بولیں:“تو پھر میں یہ شاپر کیوں لوں؟ ایک طرف میں ادائیگی بھی کروں اور دوسری طرف آپ کی تشہیر بھی؟ اگر یہ دینا ہے تو مفت دیں، ورنہ مجھے اس کی ضرورت نہیں۔”

 

یہ ایک عام سا مکالمہ محسوس ہو سکتا ہے، مگر درحقیقت یہ صارفین کے حقوق اور مارکیٹ کے رویّوں سے جڑا ایک اہم سوال ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

 

موجودہ دور میں برانڈڈ مصنوعات کی خریداری ایک معمول بن چکی ہے ۔

 

صارفین بہتر معیار، مناسب قیمت اور معیاری سروس کی توقع کے ساتھ معروف برانڈز کا انتخاب کرتے ہیں۔ تاہم، عملی طور پر یہ تجربہ ہمیشہ توقعات کے مطابق نہیں ہوتا۔ بعض اوقات صارفین کو غیر محسوس انداز میں اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو مجموعی طور پر ایک نمایاں مالی بوجھ میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

 

برانڈڈ اسٹورز سے خریداری کے دوران عموماً مخصوص لوگو والے شاپرز فراہم کیے جاتے ہیں۔ بظاہر یہ ایک سہولت اور بہتر پیشکش کا حصہ ہوتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ان کے لیے اکثر صارفین سے 20 سے 50 روپے تک اضافی رقم وصول کی جاتی ہے۔ یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ آیا  یہ واقعی ایک سہولت ہے یا برانڈ کی تشہیر کا ایک بالواسطہ ذریعہ؟

 

جب کوئی صارف اس شاپر کے ساتھ عوامی مقامات پر نظر آتا ہے تو وہ دراصل اس برانڈ کی تشہیر کر رہا ہوتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس تشہیری عمل کے لیے صارف خود ہی ادائیگی بھی کرتا ہے، جو ایک غیر متوازن تجارتی رویّے کی نشاندہی کرتا ہے۔

 

اسی طرح قیمتوں کے تعین میں بھی ایک مخصوص نفسیاتی حکمتِ عملی اختیار کی جاتی ہے۔ 2990، 3299 یا 4995 جیسے اعداد کا استعمال اس لیے کیا جاتا ہے کہ قیمت کم محسوس ہو، حالانکہ حقیقی فرق نہایت معمولی ہوتا ہے۔ یہ طریقہ کار بظاہر مارکیٹنگ کا حصہ ہے، مگر اس کے اثرات صارفین کے فیصلوں پر نمایاں ہوتے ہیں۔

 

اس کا ایک اور پہلو بھی نہایت اہم ہے۔ اکثر اوقات جب صارف 2995 روپے کی خریداری پر 3000 روپے ادا کرتا ہے تو بقایا 5 روپے یہ کہہ کر واپس نہیں کیے جاتے کہ “کھلے پیسے دستیاب نہیں ہیں۔”

 

 اگرچہ یہ رقم بظاہر معمولی ہے، مگر جب یہی عمل روزانہ متعدد صارفین کے ساتھ دہرایا جائے تو مجموعی طور پر یہ ایک قابلِ ذکر رقم بن جاتی ہے، جو بلاواسطہ طور پر اضافی منافع میں شامل ہو جاتی ہے۔

 

یہ صورتحال ایک اہم قانونی پہلو کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ پاکستان میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے واضح قوانین موجود ہیں، جن کے مطابق مکمل ادائیگی اور تمام اضافی چارجز کی شفاف وضاحت لازمی ہے۔ تاہم، ان قوانین پر مؤثر عملدرآمد اکثر دیکھنے میں نہیں آتا، جس کے باعث صارفین اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہ جاتے ہیں۔

 

اس تناظر میں سب سے اہم کردار خود صارف کا ہے۔ ایک باشعور اور باخبر صارف نہ صرف اپنے حقوق کا تحفظ کر سکتا ہے بلکہ مجموعی مارکیٹ رویّوں میں مثبت تبدیلی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

 

 خریداری کے دوران بقایا رقم کا تقاضا کرنا، غیر ضروری چارجز پر سوال اٹھانا اور ایسے معاملات کو اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے۔

 

ایک متوازن اور منصفانہ تجارتی نظام کے قیام کے لیے برانڈز اور صارفین دونوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ برانڈز کو چاہیے کہ وہ شفافیت، دیانتداری اور صارف دوست پالیسیوں کو فروغ دیں، جبکہ صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور ان کے تحفظ کے لیے مؤثر آواز بلند کریں۔کیونکہ ایک باشعور صارف ہی ایک منصفانہ اور ذمہ دار معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔

 

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ثقافتی ورثہ