نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ اور من پسند گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شاندار نیلامی کا عمل جاری ہے، جس میں عوام اور اہم شخصیات کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ نیلامی کے دوران متعدد چوائس نمبر پلیٹس کروڑوں روپے میں فروخت ہوئیں۔

 

جاری نیلامی میں اب تک سب سے زیادہ بولی "وزیر-1" نمبر پلیٹ پر لگی، جو 1 کروڑ 50 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔ اس کے بعد "آفریدی-1" نمبر پلیٹ 1 کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوئی، جسے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خرید لیا۔

 

 

نیلامی میں دوسری بڑی بولی "خان-1" نمبر پلیٹ پر آئی، جو 1 کروڑ 11 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔ یہ نمبر پلیٹ رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے خریدی۔ اسی طرح "پشاور-1" نمبر پلیٹ 1 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی۔

 

دیگر نمایاں نمبر پلیٹس میں "درانی-1" کو 16 لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ "گنڈاپور-1" نمبر پلیٹ کو 10 لاکھ 80 ہزار روپے میں خریدا گیا۔

 

محکمہ ایکسائز حکام کے مطابق تمام من پسند نمبر پلیٹس کے لیے بیس پرائز 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم عوامی دلچسپی کے باعث بولیاں مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ رہیں۔ نیلامی میں مزید نمبر پلیٹس پر بولی کا عمل تاحال جاری ہے۔