خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں محکمہ صحت نے غیر حاضری اور فرائض سے غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 157 ملازمین کی تنخواہیں بند کردیں جبکہ 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر باجوڑ ڈاکٹر گوہر ایوب کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران محکمہ صحت میں غیر حاضری، فرائض سے غفلت اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر متعدد انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں

انہوں نے بتایا کہ 6 میڈیکل آفیسرز (گریڈ 17) کو ضلع باجوڑ سے فارغ کرکے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 2 نرسز (گریڈ 16) کو بھی ضلع بدر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر گوہر ایوب کے مطابق 157 ملازمین کی تنخواہیں بند کرکے ان کے خلاف ای اینڈ ڈی (Efficiency and Discipline) قواعد کے تحت تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ گزشتہ ماہ 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو طویل غیر حاضری پر ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں عوام کی خدمت کے لیے دی جاتی ہیں، نہ کہ گھر بیٹھ کر سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کرنے کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی حاضری، شفافیت، جوابدہی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ صحت میں غیر حاضری، غفلت اور سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ضلع باجوڑ میں غیر حاضر اور فرضی ملازمین کے خلاف کارروائی ڈپٹی کمشنر عدنان فرید آفریدی کی ہدایات پر بھی کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم میں ایسے ملازمین کی اطلاعات کا نوٹس لیا تھا جو طویل عرصے سے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں یا صرف سرکاری ریکارڈ میں موجود ہیں۔
اس کے بعد متعلقہ محکموں نے غیر حاضر اور فرضی ملازمین کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کردیں۔ محکمہ صحت کے ایک سینئر کلرک نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مبینہ طور پر زیادہ تر غیر حاضر اور فرضی عملے میں نچلے درجے کے ملازمین اور اساتذہ شامل ہیں، جن میں سے بعض کا تعلق بااثر خاندانوں سے ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی سرکاری اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔
