خیبر پختونخوا کے پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج کی کارروائی میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کی 21 نومبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جہاں وہ سرکاری تنصیبات پر حملوں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے کارروائی کی، تاہم فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد جوابی فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک پستول، 3 ہینڈ گرنیڈ، 5 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔
