خیبرپختونخوا میں ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس نے حساس تھانوں اور چوکیوں پر حفاظتی جال نصب کرنا شروع کر دیے ہیں۔

 

یہ حفاظتی جال روس اور یوکرین کی جنگ کے دوران ڈرون سے گرائے جانے والے دھماکہ خیز مواد سے بچاؤ کے لیے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس کا مقصد اس جال کی مدد سے ڈرون کے ذریعے گرائے جانے والے دھماکہ خیز مواد کے براہِ راست زمین پر گرنے اور اس سے ہونے والے نقصان کو کم کرنا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، سب سے زیادہ متاثرہ ضلع کون سا ہے؟

 

پولیس حکام کے مطابق پشاور میں اب تک 31 حساس پولیس تنصیبات پر حفاظتی جال نصب کیے جا چکے ہیں، جہاں مجموعی طور پر تقریباً 2 ہزار 81 میٹر جال لگایا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر مزید حساس پولیس تنصیبات پر بھی یہ جال نصب کیے جائیں گے۔

 

پولیس کے مطابق جال پر ڈرون سے گرایا جانے والا سامان پھنس جاتا ہے، جس سے اس کے براہِ راست زمین سے ٹکرانے اور اہلکاروں کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

 

حساس پولیس تنصیبات پر حفاظتی جال کے ساتھ اینٹی ڈرون گنز اور دیگر اینٹی ڈرون نظام بھی نصب کیے گئے ہیں، جبکہ یہ نظام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور سیف سٹی میں بھی موجود ہیں۔

 

پولیس حکام کے مطابق حفاظتی جال کی کارکردگی جانچنے کے لیے اس پر بھاری سامان گرا کر تجربہ کیا گیا، جس کے بعد اسے حساس پولیس تنصیبات پر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔