خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 142 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 912 ہوگئی ہے۔

 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 174 ہے، جبکہ اب تک 2 ہزار 738 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے نومولود بچے کے مبینہ اغوا کیس میں اہم پیش رفت

 

محکمہ صحت کے مطابق ضلع کوہاٹ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 824 ہوگئی ہے، جبکہ پشاور میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 419 تک پہنچ گئی ہے۔

 

محکمہ صحت کے مطابق بنوں میں ڈینگی کے 122 اور ضلع خیبر میں 101 کیسز سامنے آچکے ہیں، جبکہ ہری پور میں 77 اور چارسدہ میں 54 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، جبکہ رواں سال صوبے میں ڈینگی کے باعث اب تک کسی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔