شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے صوبے کے 10 اضلاع میں 30 خصوصی ہیٹ ویو کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ 

 

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، صوابی، سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان اور بونیر میں ہیٹ ویو کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ شدید گرمی سے متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

 

یہ بھی پڑھیے: چارسدہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مبینہ غفلت، شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ کو شوکاز نوٹس

 

انہوں نے بتایا کہ اب تک ان کیمپس میں 142 متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد دی جا چکی ہے، جبکہ 69 طبی اہلکار اور 14 ریسکیو 1122 گاڑیاں عوام کو خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

 

ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق کیمپس میں صاف پینے کا پانی، او آر ایس (نمکول)، ضروری ادویات اور ابتدائی طبی امداد سمیت تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔

 

 انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ شدید دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹ سٹروک یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کیا جائے۔

 

دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 5 جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔