خیبرپختونخوا کابینہ نے شہداء کے ورثاء کے لیے لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اور سکسیشن سرٹیفکیٹس کے حصول پر تمام مقررہ فیس مکمل طور پر معاف کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ وادی تیراہ کے عارضی طور پر بے گھر 6,900 اضافی خاندانوں کے لیے 5 ارب 49 کروڑ 99 لاکھ 97 ہزار روپے کے اضافی فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے خیبرپختونخوا لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس رولز 2021 میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے بعد مسلح افواج، پولیس، نیم فوجی دستوں، دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے سرکاری ملازمین اور دہشت گردی یا مسلح تصادم میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء کو ان سرٹیفکیٹس کے حصول پر تمام مقررہ فیس سے استثنا حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: مون سون بارشوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
اجلاس میں وادی تیراہ کے 6,900 اضافی جی آر سی سے تصدیق شدہ عارضی طور پر بے گھر خاندانوں (ٹی ڈی پیز) کے لیے 5 ارب 49 کروڑ 99 لاکھ 97 ہزار روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ یہ رقم متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی اور ان کے ماہانہ فوڈ سپورٹ الاؤنس کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے موضع رٹہ کلاچی میں نادرا دفتر کے قیام کے لیے دو کنال سرکاری اراضی نادرا کے نام منتقل کرنے، محکمہ خزانہ میں ڈیجیٹل گورننس اینیبلمنٹ یونٹ (Digital-GEU) کے قیام اور خیبرپختونخوا فِسکل رسپانسبلٹی اینڈ ڈیبٹ مینجمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت ڈیبٹ مینجمنٹ کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) سے متعلق صوبے کے مقدمے کی مؤثر قانونی پیروی کے لیے 3 کروڑ روپے مختص کیے، جبکہ محکمہ خزانہ کو ضرورت کے مطابق قانونی فرم یا سینئر وکیل مقرر کرنے کا اختیار بھی دے دیا۔
اجلاس میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال نشتر آباد پشاور کے لیے فنڈز، ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں میڈیکل کالج کے قیام، محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے اہلکاروں کو نظرثانی شدہ شہداء پیکیج 2025 دینے، غیر تیار شدہ تمباکو پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے متعلق مقدمے کی پیروی کے لیے سینئر آئینی وکیل کی خدمات حاصل کرنے، پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ، خیبرپختونخوا کامرس اینڈ ٹریڈ اسٹیٹسٹکس رولز 2026، خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2015 میں ترامیم، ماڈل سکول بٹگرام پر متعلقہ آرڈیننس کے اطلاق، محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈرائیونگ سکول کی تنظیمِ نو اور کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں برآمد ہونے والے سونے کی جانچ اور قیمت کے تعین کے لیے باقاعدہ طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔
آخر میں کابینہ نے 20 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے پبلک ریسورسز فار اِنکلیوسیو ڈویلپمنٹ (PRID) پروگرام کی منظوری بھی دی، جس کے تحت محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات میں بہتری اور مالیاتی نظم و نسق کے ساتھ ساتھ سروس ڈیلیوری کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
