پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں یکم سے 5 جولائی کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ بھی گرمی میں ڈی ہائیڈریشن سے پریشان ہیں؟ یہ آسان احتیاطی تدابیر اپنا لیں
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں، متعلقہ مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز، درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریا، ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو اپنی فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں۔
