جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں اغواء ہونے والے ایس ایچ او احمد شاہ سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت  رہا کر دیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دہشتگردوں کی جانب سے اغواء کیے گئے پولیس اہلکاروں کی رہائی کے لیے علاقے کے مشران نے اہم کردار ادا کیا اور فریقین کے درمیان مذاکرات کرائے، جو کامیاب ثابت ہوئے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد ایس ایچ او احمد شاہ سمیت تمام مغوی اہلکار بحفاظت اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: 15 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت، 3 ملزمان اور جرگہ مشران گرفتار

 

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سراروغہ کے علاقے میں دہشتگردوں نے ایس ایچ او احمد شاہ سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لینے کے بعد اغواء کر لیا تھا، جس کے بعد ان کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی تھیں۔

 

علاقائی مشران کی مسلسل کاوشوں اور مذاکراتی عمل کے نتیجے میں مغوی اہلکاروں کی رہائی ممکن ہوئی۔ تاہم پولیس اہلکاروں کی رہائی کے لیے طے پانے والی شرائط کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔