پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں 15 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث تین ملزمان عاطف، اقرار اور احمد کو گرفتار کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ تاہم عدالت نے تینوں ملزمان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: بنوں: نامعلوم افراد کی گھر پر فائرنگ، ماں اور دو بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق

 

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک ماہ قبل مدرسے سے گھر واپس جانے والی متاثرہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کے بعد فریقین کے درمیان صلح کرانے کی کوششوں میں شامل جرگہ مشران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد جرگے نے متاثرہ لڑکی کی ایک ملزم کے ساتھ شادی کا فیصلہ کیا تھا، تاہم لڑکی کے والد نے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پانچ روز قبل تھانے میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی، جبکہ گرفتار ملزمان میں عاطف کی عمر 20 سال، اقرار کی 18 سال اور احمد کی عمر 15 سال ہے۔ پولیس کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔