بنوں کے علاقے شابری بھرت نثار کالونی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ماں اور دو بیٹوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ منڈان کی حدود میں گزشتہ رات پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نازیہ بی بی زوجہ مرحوم رئیس خان، ان کے دو بیٹے جنید خان اور سنید خان، جبکہ امجد خان اور عالمزیب خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

 

 

یہ بھی پڑھیے: جوندون کارڈ، مفت بی آر ٹی سفر اور ترقیاتی منصوبے، خیبرپختونخوا بجٹ میں کیا کچھ شامل ہے؟

 

واقعے میں سونیہ زوجہ فرید اور کمسن عائشہ دختر رئیس خان زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

 

ایس ایچ او تھانہ منڈان حاجی ارشد خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔