بنوں میں سیکیورٹی کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے ہیں، جن میں ایک سرکاری سکول کے استاد اور ایک ریٹائرڈ ایف سی اہلکار کو اغوا کر لیا گیا جبکہ ہوید پولیس اسٹیشن پر مبینہ ڈرون حملے میں دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق تھانہ میریان کی حدود کے علاقے منڈیو سے سرکاری سکول کے استاد نثار کو نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا۔ ملزمان انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: لنڈی کوتل ہسپتال میں لشمینیا کے انجکشن کی قلت، سینکڑوں مریض مشکلات کا شکار

 

دوسری جانب تھانہ جانی خیل کی حدود سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ریٹائرڈ اہلکار علی مر خان کو نامعلوم مسلح افراد نے ان کے گاؤں سے اغوا کر لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

 

ادھر ہوید پولیس اسٹیشن پر مبینہ دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق ڈرون سے فائر کیے گئے دو گولے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں گرے، جن کے پھٹنے سے دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تینوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اغوا ہونے والے افراد کی بازیابی اور حملے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے اقدامات جاری ہیں۔