ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل میں گزشتہ دو ہفتوں سے لشمینیا کے سرکاری انجکشن دستیاب نہیں، جس کے باعث مریضوں کو علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ہسپتال حکام کے مطابق لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں میں لشمینیا کے 300 سے زائد مریض رجسٹرڈ ہیں، تاہم انجکشن کی عدم دستیابی کے باعث علاج کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: موجودہ حکومت پر اعتراض کرنے والے 2018 کے انتخابات کا بھی حساب دیں، شہباز شریف
حکام کا کہنا ہے کہ انجکشن کی فراہمی سے متعلق رپورٹ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے اور مطلوبہ ادویات کی جلد فراہمی کے لیے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا لشمینیا کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل میں لشمینیا کے سرکاری انجکشن فوری طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ مریضوں کا علاج بلا تعطل جاری رہ سکے اور انہیں درپیش مشکلات میں کمی آئے۔
