پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 16 اگست 2026 کو صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک ہی وقت پر منعقد ہوگا۔

 

ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری مختلف اداروں کو دی گئی ہے۔ پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، جبکہ بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ امتحان منعقد کرے گی۔

 

یہ بھی پڑھیے: بنوں میں دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی

 

اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے شہر ریاض کے امیدواروں کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو امتحان کے انتظامات سونپے گئے ہیں۔

 

پی ایم ڈی سی کے مطابق آن لائن رجسٹریشن 22 جون 2026 سے شروع ہوگی۔ معمول کی فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ لیٹ رجسٹریشن 13 جولائی 2026 تک کی جا سکے گی۔

 

رجسٹریشن فیس پاکستان میں قائم ٹیسٹ سینٹرز کے لیے 9 ہزار روپے اور لیٹ فیس 13 ہزار روپے ہوگی۔ بین الاقوامی امیدواروں کے لیے فیس 45 ہزار روپے اور لیٹ فیس 55 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔