تھانہ احمد زئی کی حدود میں واقع نیم قبائلی علاقے برغنتو میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق پہلا دھماکہ سواریوں سے بھرے ایک ڈاٹسن گاڑی کے قریب ہوا، جس میں ہاتھی خیل قوم کے افراد سوار تھے۔ دھماکے کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ امدادی گاڑی کو دوسرا دھماکہ نشانہ بنا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: کیا صرف دینی تعلیم کافی ہے یا مدارس میں جدید مہارتوں کی تعلیم بھی ضروری ہو چکی ہے؟
جاں بحق افراد کی لاشوں کو آر ایچ سی منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے خلیفہ گل نواز ہسپتال پہنچایا گیا۔
ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا کہ سکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہاتھی خیل قبیلے نے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف امن کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے، جبکہ ماضی میں متعدد مواقع پر دہشت گردوں اور قبیلے کے افراد کے درمیان جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں۔
