جنوبی وزیرستان میں گزشتہ ہفتے اغوا ہونے والے فٹبالر سبیل نور کی بازیابی کے لیے کھلاڑیو ں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے حکومت سے ان کی فوری اور محفوظ رہائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے وانا میں احتجاج کرتے ہوئے سبیل نور کی بازیابی کے حق میں نعرے لگائے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کی فوری اور بحفاظت واپسی کے مطالبات درج تھے۔

بعد ازاں مظاہرین نے وزیرستان قومی امن جرگے میں بھی شرکت کی، جہاں علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور سبیل نور کی بازیابی کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کیے گئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سبیل نور ایک باصلاحیت فٹبالر ہیں اور ان کا اغوا نہ صرف ایک فرد بلکہ کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فٹبالر کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نامعلوم مسلح افراد نے فٹبالر سبیل نور کو اپنے گھر کے سامنے سے اغوا کر لیا تھا۔ کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کھیلوں کے میدان پر حملہ قرار دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سبیل نور کے اغوا میں ایک کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
