سلمان خان
بنوں کے علاقے فتح خیل میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب خودکش حملہ کیا گیا، جہاں بارود سے بھری گاڑی مبینہ طور پر چیک پوسٹ سے ٹکرا دی گئی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد کافی دیر تک شدید فائرنگ جاری رہی جبکہ ضلع بھر میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
آر پی او سجاد خان کے مطابق حملے کے وقت چیک پوسٹ پر مجموعی طور پر 18 پولیس اہلکار موجود تھے، جن میں سے 15 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہداء میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صہیب، سعد اللہ، کامران، نعمت اللہ، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں فیروز، حیات اللہ اور فداء اللہ شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد عسکریت پسندوں نے چیک پوسٹ کے اطراف سے شدید فائرنگ شروع کردی، جبکہ متعدد دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد کچھ وقت کیلئے فتح خیل پولیس چیک پوسٹ سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا۔
آر پی او سجاد خان نے خود پولیس آپریشن کی قیادت کی، جبکہ ایک پولیس اہلکار کو 10 سے 12 گھنٹے ملبے تلے دبے رہنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا۔
شدید دھماکے کے باعث پوری چیک پوسٹ زمین بوس ہوگئی جبکہ موقع پر موجود بکتر بند گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں، دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور متعدد شیشے و شٹر ٹوٹ گئے۔
دوسری جانب بنوں کے تینوں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس نے شہر بھر میں ناکہ بندیاں سخت کردی ہیں جبکہ شہری بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کیلئے گھروں سے نکل آئے ہیں۔
سکیورٹی ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔
ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی افراد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
